1. اس فورم پر جواب بھیجنے کے لیے آپ کا صارف بننا ضروری ہے۔ اگر آپ ہماری اردو کے صارف ہیں تو لاگ ان کریں۔

کتابوں کی کہکشاں

'فروغِ علم و فن' میں موضوعات آغاز کردہ از صدیقی, ‏4 دسمبر 2012۔

  1. صدیقی
    آف لائن

    صدیقی مدیر جریدہ سٹاف ممبر

    شمولیت:
    ‏29 جولائی 2011
    پیغامات:
    3,476
    موصول پسندیدگیاں:
    190
    ملک کا جھنڈا:
    کتابوں کی کہکشاں
    نوید اسلام صدیقی



    کتابوں کی کہکشاں کے عنوان سے کتابوں اور اُن کے مصنفین کے تعارف کا ایک مستقل سلسلہ شروع کیا جارہا ہے۔ ان شاء اﷲ اس عنوان کے تحت باقاعدگی سے آپ کو (ادارہ کو موصول شدہ) نئی شائع شدہ کتب کے بارے میں آگاہ رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔

    سیکولرزم : مباحث اور مغالطے

    پاکستانی قوم کو گمراہ کرنے کے لیے طرح طرح کے فتنے پھن اٹھائے ہوئے چاروں طرف کھڑے ہیں، انہی فتنوں میں سے ایک انتہائی خطرناک فتنہ ’’سیکولرزم‘‘ کے نام سے اپنی جڑیں پھیلا تا چلا جا رہا ہے۔

    ڈاکٹر صفدر محمود، جو ایک عظیم مورخ، محقق اور کالم نویس ہیں، رقم طراز ہیں: طارق جان کی کتاب ’’سیکولرزم: مباحث اور مغالطے‘‘ پڑھ کر میں بے حد متاثر ہوا اور مصنف کے لیے دل سے دعا نکلی۔ مصنف نے قارئین کو بہت سے مغالطوں اور کنفیوژن کے اندھیروں سے نکالنے کی موثر کوشش کی ہے۔ طارق جان کا اسلوب علمی اور عام فہم ہے اور اُن کی تصنیف اعلیٰ درجے کی تحقیق کے تقاضے پورے کرتی ہے۔ دلیل کے ساتھ حوالے اس کا ثبوت ہیں۔ بدقسمتی سے کچھ عرصہ سے پاکستان میں سیکولر لابی خاصی متحرک اور منظم ہوچکی ہے اور سیکولر حضرات ایک منصوبہ کے تحت پاکستان کی نظریاتی بنیادوں میں نقب لگانے کی سعی کر رہے ہیں۔

    اس منصوبہ کا پہلا قدم مذہب کو ہر قسم کی دہشت گردی، زوال اور مسائل کا سبب ٹھہرانا ہے، نوجوان نسل کو پاکستان کی نظریاتی اساس سے متنفر کرنا اور عام لوگوں کو مغالطوں کا شکار کرکے سیکولرزم کو ہر مرض کا علاج ثابت کرنا ہے۔ نظریاتی محاذ پر پاکستان کو اس وقت سب سے بڑا خطرہ اسی جانب سے ہے۔ طارق جان نے اپنی اس کتاب میں نہ صرف سیکولر حضرات کی سوچ، پراپیگنڈہ اور حکمت عملی کو ایکسپوز کیا ہے بلکہ اُن کی دشنام طرازی، اقبالؒ، قائد اعظمؒ، قراردادمقاصد اور آئین سازی کے حوالہ سے اعتراضات اور دلائل کا بھی نہایت موثر جواب دیا ہے۔ اس پس منظر میں یہ کتاب پاکستان میں سیکولرزم کے زہر کا تریاق اور توڑ ہے۔‘‘

    ناشر: ایمل مطبوعات،اسلام آباد
    تقسیم کنندہ: ۱۲،سیکنڈ فلور،مجاہد پلازہ
    بلیو ایریا،اسلام آباد
    فون 051-2803096
    قیمت: ۸۸۰ روپے

    عظمت کے مینار

    ’’اسلام نے زندگی کے ہر شعبہ میں انسان کو رہنمائی عطا کی ہے۔ حضرت محمد ﷺ کی ذات قرآن کریم کا کامل نمونہ ہے۔ تمام صحابہ ٔ کرام ؓ بھی اسلامی طرزِ زندگی کا نمونہ تھے۔ شمع رسالت ﷺ سے روشنی پانے کے بعد وہ خود بھی منبعٔ نور و ہدایت بن گئے۔ ان کی سیرت کے چیدہ چیدہ واقعات سے مزین یہ کتاب مصنف جناب محمد احمد انصاریؔ بدایونی نے امت کی رہنمائی اور رہبری کی غرض سے نہایت محبت و عقیدت کے ساتھ مرتب کی ہے۔

    یہ واقعات تمام بنی نوع انسان کے اخلاق و کردار کے لیے مربیانہ دروس ثابت ہوسکتے ہیں۔ ان میں فتوحات کے ایمان پرور تذکرے ہیں تو کہیں ذاتی حالات، خدمت اور ایثار و قربانی کے وہ کار ہائے نمایاں اجاگر کیے گئے ہیں جو رہتی دنیا کے لیے سراسر ہدایت ہیں۔ یہ سب دعوتِ فکر و عمل کا اہتمام ہے۔ ‘‘ ڈاکٹر ممتاز عمرصاحب کی کتاب کے بارے میں رائے آپ نے پڑھی۔ کتاب کی قیمت کے سامنے لکھا ہے ’دعائے خیر‘ اللہ تعالیٰ مصنف کے جذبے کو قبول فرمائے اور کتاب کو قبولیت عامہ بخشے۔

    ناشر: راشد جمال پبلی کیشنز
    t-475، کورنگی نمبر 2، کراچی
    ملنے کا پتا: محمد احمد انصاری بدایونی
    خاکِ مدینہ مارکیٹ، مکان نمبر۳۷۷
    سیکٹر q،کورنگی نمبر 2، کراچی

    عصرِ حاضر کی مجاہد خواتین

    ادارہ ’منشورات‘ نے مریم السید ہنداوی کی عربی کتاب کا اردو ترجمہ شائع کیا ہے۔ مترجم محمد ظہیر الدین بھٹی صاحب نے کتاب کو بہت خوبصورت انداز میں اردو کا جامہ پہنایا ہے۔ آج تمام دنیا کی نظریں مصر پر لگی ہوئی ہیں جہاں عالم اسلام کی سب سے بڑی تنظیم اخوان المسلمون نے کئی عشرو ں کی حیران کْن اور قربانیوں سے بھرپور جدوجہد کی ایک تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے نہایت حکمت اور دانائی سے تمام شرپسند اور اسلام دشمن قوتوں کو سیاسی میدان میں شکست سے دوچار کیا ہے۔ آج مصر کا صدر اخوان المسلمون کا ایک لیڈر ہے۔
    اخوان المسلمون نے اپنے ہم وطن گمراہ عناصر کے ہاتھوں بہت زیادہ مصائب برداشت کیے ہیں ۔

    ظالموں نے خواتین کو بھی نہ بخشا۔ اِ س ۲۳۲ صفحات کی کتاب میں اخوان المسلمون سے وابستہ ۱۷ مصری رہنما پر عزم خواتین کاتذکرہ ہے۔ اِس کتاب کو پڑھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اُن کا ایمان کس بلند درجے کا تھا، اُن کو اپنے خالق پر کتنا بھروسا تھا اور قربانی کا جذبہ کس طرح اُن میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔

    ملنے کا پتا: منشورات،منصورہ، ملتان روڈ ،لاہور
    فون نمبر: 042-35434909
    قیمت:۲۱۰ روپے

    میراتھن دوڑاک

    میں نے ۲ سال یونیورسٹی میں ماسٹر اسپورٹس سائنسز کی ڈگری کے حصول میں لگائے لیکن جب ایک تعلیمی ادارے میں انٹرویو دیا تو ۴۰ میں سے صرف ۲ سوالات کے درست جوابات دے سکا۔ ممتحن صاحب نے بجائے میرا مذاق اڑانے کے مجھے منتخب کر لیا کیونکہ عملی امتحان میں میں نے انھیں کافی متاثر کیا تھا۔ پھر ہمدردانہ لہجے میں نصیحت کی برخوردار! کتابیں پڑھا کرو۔ کچھ کتابوں کے نام بھی بتائے، وہ سب انگریزی میں تھیں اور ہماری انگریزی بس واجبی سی تھی۔ چنانچہ انھوںنے اپنی دراز سے نکال کر ایک کتاب ہمارے حوالے کی اور کہا کہ پڑھ کر واپس کر دینا(جو ہم نے آج تک نہیں کی) یہ کتاب تھی ’میراتھن دوڑاک‘ جسے پڑھنا شروع کیا تو محسوس ہوا کہ شاید میں نے جامعہ میں فزیکل ایجوکیشن کی الف سیکھی ہے، ب سے ی تک سیکھنا باقی ہے۔

    یہ کتاب پڑھنے کے بعد معلو م ہوا کہ کھلاڑی خصوصاً میراتھن اتھلیٹ عام کھلاڑی کی نسبت کیو ںبہتر ہوتا ہے۔ ٹریننگ کے اہم اجزا کون کون سے ہیں اور یہ کیسے کی جاتی ہے؟ اُصول اور طریقے کیا ہیں؟ قوتِ برداشت کی اہمیت اور اسے پیدا کرنے کا طریقہ کیا ہے؟ دوڑنے سے قبل کارکردگی کے متعلق پیش گوئی کرنا کیسے ممکن ہے؟ وارم اپ کیا اور کیوںکیا جاتا ہے؟ فائدے اور سائنٹیفک طریقہ کیاہے؟

    دوڑنے سے قبل کون سی مخصوص اسٹریچنگ ورزشیںکرنی چاہئیں؟ ردمک سائکلز کارکردگی پر کیسے اثر انداز ہوتے ہیں؟ دوڑ سے قبل خوراک میں کیا تبدیلی کرنی اورکیوں کرنی چاہیے؟ کاربوہائیڈریٹ لوڈنگ کیا ہے، اس کا طریقہ اور فائدہ کیا ہے؟ ایک ہی جیسے قد کاٹھ، ایک سی ٹریننگ اور غذا کھانے والے اتھلیٹس کی کارکردگی مختلف کیوں ہوسکتی ہے؟ ذہنی طاقت سے کیا مراد ہے؟ ارتکازِ توجہ اور ذہانت کس طرح کارکردگی پر اثر انداز ہوتی ہے؟ دوڑ کے دوران آگے نکل جانے والے اتھلیٹس سے ذہنی رابطہ کس طرح قائم رکھا جا سکتا ہے؟رفتارِ قدم اور اس پر قابو پانے کا طریقہ کیا ہے؟

    عام تھکن، مزمّن تھکن، اس کا علاج، سطح سمندر، پہاڑ، سردی گرمی اور موسمی تغیرات کس طرح کارکردگی پر اثر انداز ہوتے ہیں ؟ موسم، ماحول سے کیسے اور کتنے عرصے میں ہم آہنگی پیدا کی جا سکتی ہے؟ دوڑ کے درمیان کون سااور کتنا مشروب کارکردگی میں مدد کرتا ہے۔ شکر ملا مشروب کیا نقصان دیتا ہے؟ اتھلیٹس کو دوڑ سے قبل کیا، کتنا کھانا چاہیے؟ وٹامنز، لحمیات، معدنیات کا استعمال جسمانی طاقت اور کارکردگی پر کیا اثرڈالتاہے؟ دوڑ کے بعد جسمانی طاقت کی بحالی کیسے ممکن ہے؟کھلاڑی کی تاریخ پیدائش معلو م ہو تو پہلے سے معلوم ہو سکتا ہے کہ کس دن اس کی کارکردگی اچھی یا غیر معیاری ہو گی۔

    سخت جسمانی مشقت اور دوڑ کے دوران چوٹ سے بچاؤ، زخمی ہو جائیں تو علاج کیسے کرنا چاہیے؟ پاؤں کی حفاظت، مساج، جوتا کیسا اور کب خریدنا چاہیے؟ دوڑ کے دوران نفسیاتی حربہ استعمال کرنے کی اہمیت کیا ہے؟ خواتین اتھلیٹس کی کارکردگی ایک بچے کی پیدائش کے بعد کیوں بہتر ہو جاتی ہے؟ غرضیکہ اس کتاب کے مطالعے سے ہر کھلاڑی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔کتاب کی زبان دلکش، عام فہم ہے۔ اُردو زبان میں آج تک ایسی کتاب نظر سے نہیں گزری جس میں ان تمام موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہو۔ بلا شبہ اس کتاب کو میراتھن رننگ کی بائبل کہا جا سکتا ہے۔ ہر کوچ اور کھلاڑی کے لیے اس کا مطالعہ ناگزیر ہے۔ ہر سکول اور کالج کی لائبریری میںیہ کتاب مہیا ہونی چاہیے۔ اس کتاب کے مطالعے سے جو فائدے حاصل ہو سکتے ہیں ان کے مقابلے میں اس کی قیمت بہت کم ہے۔

    ملنے کا پتا: C-1۔3۔324 ، ٹاؤن شپ لاہور
    فون: 0301-4686124
    قیمت: ۸۵۰ روپے
    تبصرہ نگار: محمد زبیر لیکچرار فزیکل ایجوکیشن

    آس نے دل کا ساتھ نہ چھوڑا

    یہ ۲ سال کے دورانیہ میں قانتہ رابعہ کے افسانوں کا چوتھا مجموعہ ہے جو زیورِ طباعت سے آراستہ ہوا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ شاعری اور افسانہ قاری کے دل پر زیادہ گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں ۔ قانتہ رابعہ ایک بہت بڑا کام کررہی ہیں،اللہ کرے زور ِقلم اور زیادہ۔
    بامقصد اور تعمیری تحریریں لکھنا اور اس طرح لکھنا کہ پڑھنے والے کے قلب و روح کو متاثر کریں، ایک بہت مشکل کام ہے ۔رابعہ صاحبہ نے اپنی نیت اور جذبہ ’حرفِ ابتدا‘ میں ہی ظاہر کردیا ہے۔ لکھتی ہیں ’’حسرت اور خواہش بہت بڑی ہے لیکن اپنے رب کے حضور کہہ دینے میں کیاحرج ہے (وہ تو ویسے بھی دلوں کے بھید جانتا ہے) کہ مجھے امید ہے میرا اللہ میرا ایک لکھا ہوا لفظ قبول کرلے…تو یہ دنیا و مافیہا کی نعمتوں سے افضل ہوگا۔ قلم کی قسم شاید اسی لیے کھائی کہ قلم کا لکھا مؤثر اور پائیدار ہوتا ہے۔

    ملنے کا پتا: ادارہ مطبوعات سلیمانی
    رحمان مارکیٹ، غزنی سٹریٹ ، اردو بازار ،لاہور
    فون نمبر:7232788 3:042
    قیمت ۱۸۰ روپے

    شرارت

    مرزا اسد اللہ خاں غالبؔ کی زمینوں پر مرزا عاصیؔ اختر نے مزاحیہ نظمیں لکھی ہیں۔ کتاب کے شروع میں ادارے کی طرف سے یہ اچھا مشورہ دیا گیا ہے کہ طنز و مزاح کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اسے صرف وہی لوگ پڑھتے ہیں، جو معاشرتی اور سماجی شعور رکھتے ہوں۔ ہم یہی سن کر پڑھتے رہے، اب آپ بھی یہی سمجھتے ہوئے کتاب خرید کر اپنے پاس رکھ لیں…سوچ لیں…فی زمانہ ۲۰۰ روپے میں اپنا شمار باشعور افراد میں کرانا کچھ مہنگا سودا نہیں ہے۔ ایک قطعہ آپ بھی پڑھیں ؎

    ہیں اِک ادیب فحش نگاری میں باکمال
    رکھتے نہیں تمیز حرام و حلال میں
    پھر اِس پہ عذر یہ ہے کہ اُن کا نہیں قصور
    ’’آتے ہیں غیب سے یہ مضامیں خیال میں‘‘

    ملنے کا پتا: ویلکم بُک پورٹ ،اُردو بازار، کراچی
    فون نمبر 021-32633151
    قیمت ۲۰۰ روپے

    شمشیر و سناں اوّل

    کہا جاتا ہے کہ جو قوم اپنی تاریخ بھلادیتی ہے، اُس قوم کا جغرافیہ اُس کو بھلا دیتا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ نئی نسل کو اپنی تاریخ سے آگاہ کیا جائے، اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کی حقیقت سے روشناس کرایا جائے۔ ہمارے سلیبس سے تاریخ کا مضمون تقریباً خارج کردیا گیا ہے۔ حتیٰ کہ ہمارے بچوں کو اپنے درخشاں ماضی کے بارے میں بنیادی معلومات بھی نہیں ہیں۔

    خواجہ امتیاز احمد صاحب نے عظیم سپہ سالاروں کی ناقابلِ فراموش داستانیں لکھ کر ایک بہت بڑی ضرورت کوپورا کیا ہے۔ حضرت خالد بن ولیدؓ، سلطان محمود غزنوی، سلطان بایزید یلدرم، موسیٰ بن نصیر۔ یوسف بن تاشفین، خیرالدین بار بروسا۔ سلطان نور الدین زنگی، سلطان صلاح الدین ایوبی، غرض ایسے ۲۱ سپہ سالاروں کا مختصر مگر جامع تعارف کرایا گیا ہے۔

    ناشر: ہارون شہید اکیڈمی،پیپلز کالونی، گوجرانوالہ
    قیمت مذکور نہیں

    سندھ،سیلاب اور زندگی

    اِ س کتاب میں سندھ کے شدید سیلاب کے متاثرہ مختلف علاقوں کے درد ناک حالات لکھے گئے ہیں، وہ ہمارے لیے عبرت کا سامان ہیں۔ ڈاکٹر آصف محمود جاہ اپنی ٹیم کے ساتھ تکلیف دہ راستوں سے ہوتے ہوئے سندھ کے مختلف سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچے۔ غرض یہ کہ ’’سندھ،سیلاب اور زندگی‘‘ محض ایک تصنیف و تالیف نہیں،بلکہ ایسے قارئین کے لیے جو سچے مسلمان ہوں، فرقہ پرستی سے دور ہوں، انسان دوست ہوں، خدمتِ خلق ان کا شعار ہو، جذبہ پیدا کرنے والی پُر تاثیر اور سبق آموز کتاب ہے۔

    اوریا مقبول جان ڈاکٹر صاحب کے بارے میں رقم طراز ہیں’’ایسے لوگ قابل رشک ہوتے ہیں،جن کے لیے لغت کو بہت سے لفظوں کے نئے معانی دریافت کرنا پڑتے ہیں۔ کیا کسی ایک فرد میں اتنی توانائی ہوسکتی ہے؟ کیا کوئی اس قدر محنت طلب ہو سکتا ہے؟ کیا کسی کا درد مند دل اسے اس قدر بے چین کر سکتا ہے کہ وہ مہینوں گھر کی شکل نہ دیکھے؟ ایسے لوگ ہوتے ہیں جو لفظوں کو نئے معنی دے جاتے ہیں اور پورے ماحول کو حیرت میں گم کر دیتے ہیں۔‘‘

    ناشر: علم و عرفان پبلشرز
    الحمد مارکیٹ،اردو بازار، لاہور
    فون نمبر: 042-37223584
    قیمت: ۳۰۰ روپے

    صبح ضرور ہوگی

    کتاب کی مصنفہ شاہین فردوس دیباچہ میں لکھتی ہیں ’’اس کتاب میں معاشرتی برائیوں کے استحصال اور اصلاح معاشرہ کے لیے قرآن وسنت کی ر اہنمائی لے کر ایسی قابل عمل تدابیر پیش کی ہیں،جس پر عمل پیرا ہو کر معاشرہ اِن ناہمواریوں، کوتاہیوں اور بے اعتدالیوں سے نجات حاصل کرسکتا ہے ۔ ‘‘

    کتاب کا تعارف الطاف حسن قریشی صاحب نے تحریر کیا ہے۔ ایک متوسط گھرانہ کی تعلیم یافتہ اور درد مند خاتون محترمہ شاہین فردوس کی تصنیف’’صبح ضرور ہوگی‘‘ اپنے دامن میں اصلاح معاشرہ کا ایک بیش بہا خزینہ رکھتی ہے۔ اُنھوں نے اپنے ذاتی تجربات، مشاہدات اور قرآن و حدیث کی لافانی تعلیمات سے جو کچھ اخذ کیا ہے، اسے لوگوں کی معاشرتی،سماجی اور اقتصادی زندگی میں طمانیتِ قلب، روحانی بالیدگی اور ذہنی سکون عام کرنے کا ذریعہ بنایا ہے۔ وہ اپنے اندر ایک بے پناہ تڑپ اور ایک نہ ختم ہونے والی لگن رکھتی ہیں۔

    اُن کی تحریروں میں بلا کی سلاست اور ذہنوں کو متاثر کرنے والی خوشبو پائی جاتی ہے۔ یہ کتاب قرآنی آیات،احادیث اور بر محل اشعار سے آراستہ ہے اور اس میں رضائے الٰہی کی خوشبو اور اخلاص کی خوشبو پھیلی ہوئی ہے۔ محترمہ نے روزمرہ کے مشاہدے میں آنے والے دلچسپ واقعات بیان کرکے عامتہ الناس کو یہ احساس دلانے کی مخلصانہ کوشش کی ہے کہ قرآن حکیم اور اُسوہ رسولؐ ان زنجیروں سے نجات دلانا چاہتے ہیں جن کے اندر ہم نے نمود ونمائش، جھوٹی انا، حسد و رقابت اور خود غرضی کی صورت میں اپنے آپ کو جکڑ رکھا اور دنیا کو ایک عذاب خانہ بنا دیا ہے۔

    کتاب منگوانے کے لیے: عمران احمد، 1/s, 3-a
    زبیدہ چوک، ملت چوک،سمن آباد، لاہور
    فون نمبر: 0321-4064747
    قیمت: ۳۰۰ روپے
     
  2. نعیم
    آف لائن

    نعیم مشیر

    شمولیت:
    ‏30 اگست 2006
    پیغامات:
    58,107
    موصول پسندیدگیاں:
    11,153
    ملک کا جھنڈا:
    جواب: کتابوں کی کہکشاں

    علمی خزانے کا سراغ وہ بھی مفت فراہم کرنے کے لے بہت شکریہ صدیقی بھائی ۔
     
  3. مناپہلوان
    آف لائن

    مناپہلوان مدیر جریدہ سٹاف ممبر

    شمولیت:
    ‏8 دسمبر 2012
    پیغامات:
    1,717
    موصول پسندیدگیاں:
    1,767
    ملک کا جھنڈا:
    جواب: کتابوں کی کہکشاں

    اسکا تو باقاعدہ ڈیٹا بیس بنانا چاہئے جس تک اراکین رسائی پاسکیں، اور اگر درجہ بندی بھی ہو جائے تو اور بھی بہتر ہے
     

اس صفحے کو مشتہر کریں